نئی دہلی،14؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں ٹیچروں کی بھرتی گھپلے کے سلسلے میں مسلسل حملہ کر رہی کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتوار کو کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ ’زیر وٹالرینس‘ کی بات کرنے والے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت میں بدعنوانی کرنے والی بڑی مچھلیوں کو خوب ’ٹالریٹ‘ کیا جا رہا ہے۔
پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا، ’’محکمہ تعلیم میں اتنے بڑے بڑے فرضی واڑے ہورہے ہیں تو کیا محکمے کے وزیر کی اطلاع میں یہ نہیں تھا۔کیا وز یراعلی کےدفتر کو اس کی بھنک بھی نہیں لگی۔ حیرانی کی بات ہے کہ زیرو ٹالرینس کی بات کرنے والے بڑی مچھلیوں کی بدعنوانی کو خوب ٹالریٹ کر رہے ہیں۔‘‘
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبررساں چینل کی بائٹ بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’اصلی‘ انامیکا شکلا کو روزگار مل گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک اور خبر پوسٹ کی گئی ہے جس میں لکھا ہے ’انامیکا کے بعد اب پریتی نام سے دو جگہ نوکری ‘اصلی پریتی بے روزگار۔